کریم پاکستان کی جانب سے کپتانوں کے لیے ایک اور شاندار اقدام

صحت کہانی کے ساتھ اشتراک کی بدولت کریم کپتانوں کومفت طبی مشاورت حاصل ہو گئی

کراچی خلیجی ممالک اورپاکستان میں سفری سہولیات فراہم کرنے والی کریم ایپ کی جانب سے صحت کہانی کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے۔ صحت کہانی پاکستان کی مقبول ترین ای ہیلتھ سروس ہے جو صارفین کو ان کے طبی مسائل کے سلسلے میں مشاورت فراہم کرتی ہے اور بیماری کی نوعیت کے مطابق ادویات تجویز اور مہیا بھی کرتی ہے۔اس اشتراک کی بدولت کریم کپتان 24 گھنٹوں کے دوران کسی بھی وقت خود کو درپیش طبی مسائل کے حوالے سے مستند ڈاکٹرز سے مشاورت کر کے اپنا علاج کروا سکیں گے۔ کورونا کی عالمی وبا کے دوران ہر شخص کے لیے لازمی ہو گیا ہے کہ وہ خود بھی محفوظ رہے اور اپنے گھر والوں کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو بھی ممکن بنائے۔ کریم اور صحت کہانی کی جانب سے کیے گئے اشتراک کی بدولت، کریم کپتانوں کو سہولت حاصل ہو گئی ہے کہ وہ صحت کہانی سے رابطہ کر اپنی طبیعت کی خرابی سے آگاہ کر سکیں اور ان سے بیماری کی نوعیت کے مطابق ادویات بھی لکھوا سکیں۔
صحت کہانی کے پورٹ فولیو پر صرف 60 سیکنڈز کے اندر اندر صارفین کو جواب موصول ہو جاتا ہے۔ صحت کہانی پر صارفین کی رہنمائی اور بیماری کی تشخیص کے لیے 24 گھنٹے بہترین ڈاکٹرز موجود ہوتے ہیں۔ اس پورٹ فولیو کے ذریعے گھر پر ٹیسٹ کروانے اور دوائیاں حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ کریم پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کنٹری جنرل مینجر ذیشان حسیب بیگ نے اس حوالے سے کہا ”کریم کے آغاز سے ہی اس کے صارفین اور کپتانوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے۔وبا کے اس پریشان کُن دور میں طبی سہولیات کی فراہمی ماضی کی نسبت زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ کریم اور صحت کہانی کے اس تعاون و اشتراک کی بدولت ہمارے مستحق کپتانوں کو اُن کی صحت اور دیگر طبی مسائل کے معاملے میں بھرپور مشاورت اور رہنمائی حاصل ہو گی۔“
صحت کہانی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شریک بانی ڈاکٹر سارا سعید خرم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”کورونا وبا کی موجودہ صورت حال میں اگرچہ لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے، تاہم ا ن کے لیے طبی اور ہیلتھ کیئر سروسز کی فراہمی زیادہ ناگزیر ہو چکی ہے۔کریم اور صحت کہانی کے اس اشتراک کا مقصد لوگوں کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے گھر بیٹھ کر ہی ماہر اور مستند ڈاکٹرز سے 24 گھنٹے خود کو درپیش طبی مسائل کے حوالے سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ “کریم اپنے کپتانوں اور صارفین کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ اس سے قبل کریم نے اپنے کپتانوں کو کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں انشورنس سکیم بھی متعارف کرائی ہے۔اس کے علاوہ کپتانوں میں اپنی زندگیوں کے تحفظ کے لیے شعور اُجاگر کرنے کی خاطر تعلیمی ویڈیوز کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔  کریم کو حال ہی میں سُپر ایپ کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ کریم کے پلیٹ فارم پر پانچ لاکھ سے زائد افراد بطور کپتان رجسٹرڈ ہیں۔ کریم کی سُپر ایپ کے ذریعے لوگوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کا سامان پہنچانے کی خدمات، فوڈ ڈلیوری اور کھانے پینے کی اشیاء، کریڈٹ ٹرانسفر اور موبائل ٹاپ اپ جیسی آسانیاں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔
via urdupoint news