روس سے تجارت، امریکا کی ترکیہ پرپابندیاں عائد کرنے کی دھمکی

اسلام آباد: امریکا نے روس سے تجارتی تعلقات  رکھنے کی صورت میں ترکیہ پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے ترکیہ کی بڑی کاروباری شخصیات اور اداروں کو ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں روس سے تجارت کرنے پرپابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ترکیہ کی کاروباری شخصیات نے خط ملنے کی تصدیق کی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن نے ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ترکیہ کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق روس اور ترکیہ کے درمیان تجارت میں مئی اورجولائی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔

امریکی ڈپٹی وزیرخزانہ نے جون میں ترکیہ کا دورہ کیا تھا اور حکام کو روس سے تجارتی روابط رکھنے پر پابندیاں لگانے سے متعلق خبردار کیا تھا۔