مزار قائد تقدس پامالی کیس: کیپٹن (ر) صفدر گرفتار

کراچی:مزار قائد تقدس پامالی کیس کراچی پولیس نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ میرے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر شوہر کو حراست میں لے لیا، پولیس کیپٹن (ر) صفدر کو گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔
پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے اور محمد صفدر کو مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے اور مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنان نامزد ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت سے قبل  مریم نواز کی مزار قائد حاضری کے موقع پر کیپٹن صفدر نے مزار قائد پر نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔