سعید غنی نے کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری کوسازش قرار دے دیا

کراچی : صوبائی وزیر تعلیم سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پروزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ مزارقائد پر کیپٹن(ر)صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا لیکن کراچی پولیس نے کیپٹن صفدر کی جس انداز میں گرفتاری کی وہ قابل مذمت ہے۔سعید غنی نے  مزید  کہاکہ  پولیس کا یہ اقدام پی ڈی ایم  کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے یہ بات  مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ٹویٹ  کے جواب میں دیتے ہوئے کہی جس میں مریم نواز  نے دعوی کیا تھا کہ ان کے  شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔اور پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کرشوہرکو حراست میں لے لیا ، پولیس کیپٹن (ر) صفدر کو گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔
خیال رہے کہ آج صبح کراچی پولیس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنما گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے تھے۔ پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت سے قبل مریم نواز کی مزار قائد حاضری کے موقع پر کیپٹن صفدر نے مزار قائد پر نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔