پی ڈی ایم کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گر گئی: شہباز گل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گر گئی،مفرور چور نواز شریف نے کراچی جلسے میں خطاب نہ کیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے دوسرے جلسے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر شدید ردعمل دیا۔جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گر گئی، مفرور چور نواز شریف کی کراچی جلسے میں خطاب نہ کرنا، اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ پی ڈی ایم کو نواز شریف قبول نہیں، ابھی تو مزید وکٹیں گرنا باقی ہیں، رسوائی اور ذلت پی ڈی ایم کا مقدر۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے دوسرے جلسے سے سابق وزیراعظم نواز شریف نے خطاب نہیں کیا تھا اور دوسری جانب جی این این سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما وبیرسٹر  اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ دونوں بھائی ایک منصوبے پر ہیں،میں چلینج کرتا ہوں کہ نواز شریف کو تقریر سے منع کر دیا گیا ہے، وہ مجمعے سے تقریر کر کے دکھا دیں، ابھی وہ تقریر نہیں کریں گے ان کو پیغام پہنچ گیا ہے، چھوٹا بھائی جیل میں بیٹھ کر ملاقاتیں کر رہا ہے،جو قائد اعظم کے مزار پر انھوں نے نعرے لگائے اس سے بہت تکلیف ہوئی، یہ سپریم کورٹ پر بھی حملہ کر دیتے ہیں، چیف جسٹس کے کورٹ روم پر حملہ کر دیتے ہیں، ان کو اس معاملے میں کوئی تمیز نہیں، کل کہتے ہیں کہ ہماری جنگ ہے فوج اور سلیکٹر کیساتھ آج تقریر کرنے سے بھاگ گئے۔