اسلام آباد: کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ

بھارت کشمیریوں کو اقصادی طور پر بھی مفلوک الحال بنانے کی کوشش کر رہا ہے ، رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوںکا نوٹس لیں ، نیشنل پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب

اسلام آباد  غیرقانونی طورپر بھار ت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بڑے پیمانے پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اقصادی طور پر بھی مفلوک الحال بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مذموم مقصد کے لیے وہ کشمیر میں نئے نئے ٹیکسز لاگو کر رہاہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ ان کی بیش بہا قربانیوں ہی کا نتیجہ ہے کہ دنیاتنازعہ کشمیر کے حل پر زور دے رہی ہے اور کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے بھارت کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہے۔
انہوںنے کہا کہ مودی حکومت غیر کشمیریوںکو کشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کر کے علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوںکا نوٹس لیں ۔ مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔