بھارت کشمیریوں کی معیشت، تہذہب اور انکے تمام وسائل پر حملہ آور ہے، ، میر شاہد سلیم

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر بھارت کی غیر قانونی اور غیر جمہوری پالیسیوں کا نوٹس لے ،چیئرمین پیپلز موومنٹ

جموں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اجتماعی طو ر پر سزا دینے کیلئے علاقے میں نوآبادیاتی پالیسیاں آگے بڑھا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطا بق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے سماجی و سیاسی کارکنوں کے ایک اجلاس سے راجوری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی معیشت، تہذہب اور انکے تمام وسائل پر حملہ آور ہے ۔یہ اجلاس جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے بانی رکن عبدالرشید فدا مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا جو حال ہی میں وفات پا گئے ہیں۔میر شاہد سلیم نے کہا کہ بھارت پانچ اگست کی سیاسی یلغار کو جواز فراہم کرنے کیلئے غلطی پر غلطی کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے لاکھوں غیر کشمیریوںکو علاقے کے دومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی اس وقت خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں ۔ میر شاہد سلیم نے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحد پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر بھارت کی غیر قانونی اور غیر جمہوری پالیسیوں کا نوٹس لیں ۔