پاکستان افغان طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرے گا: صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری نے سراہا، پاکستان افغان طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے چیئرمین افغان قومی مصالحتی کونسل عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی، اس موقع پر عارف علوی نے افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدرمملکت نے عبداللہ عبداللہ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ افغان تنازع کا فوجی حل نہیں ہے، سیاسی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، افغان قیادت کو مسئلے کے سیاسی تصفیے کے لیے موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے پاکستان افغان قوم کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوگا، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری نے سراہا، دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ملاقات کے موقع پر صدر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں روڑے اٹکانے والے عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا، افغانستان میں امن نہ صرف خطے بلکہ دونوں ممالک کے معاشی مفاد میں ہے۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ کرونا کے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولے، دونوں ممالک کو تجارت، ٹرانزٹ ٹریڈ اور عوامی رابطوں کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان نے افغانستان میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔