بھارت حریت پسند قیادت کے عزم سے بوکھلاکر نو آبادیاتی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے: تحریک مزاحمت

سرینگر22مارچ  : غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے ڈاکٹر بلقیس شاہ کو ایک جھوٹے مقدمے میں تازہ سمن جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت حریت پسند قیادت کے عزم سے بوکھلاکر اپنے اداروں کے ذرےعے نو آبادیاتی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ سب سے پہلے اعلیٰ قیادت کو گرفتارکرکے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے اور اب ان ایجنسیوں کے ذرےعے ان کے اہلخانہ کو ہراساں کرنا شروع کیا گیاہے۔ انہوںنے کہاکہ سینئر مزاحمتی رہنما شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ کو تازہ سمن جاری کرنابھارت کے پالیسی سازوں کی نوآبادیاتی حکمت عملی کی تازہ مثال ہے۔ بلال صدیقی نے کہاکہ اس طرح کی کارروائیوں سے ایک طرف بھارتی حکمرانوں کے ظالمانہ رویے کی عکاسی ہوتی ہے تو دوسری طرف ان کی بوکھلاہٹ اوربزدلی ظاہر ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ نہرو سے لیکر مودی تک ہر بھارتی حکمران نے کشمیریوں کی مزاحمت کو دبانے اور خاموش کرانے کے لئے یہی ہتھکنڈے استعمال کئے لیکن تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ وہ آزادی پسند قیادت اور عوام کے جذبے کو ختم کرنے اور عزم کو توڑنے میں ناکام رہے ۔ انہوںنے کہاکہ پہلے آئی بی اور سی بی آئی کو استعمال کیاجاتا رہا اب اسی مقصد کےلئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور این آئی اے کو استعمال کیا جارہا ہے۔ بلال صدیقی نے کہاکہ بھارت اور اس کے پالیسی سازوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ قوموںکی تحاریک آزادی کونوآبادیاتی ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جاسکتا بلکہ ان ہتھکنڈوں سے مزاحمتوں کی مضبوطی اورقابضین کی شرمندگی میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔