روس کی مدد کی توپابندیوں کا سامناکرنا پڑےگا،امریکی صدرکی چین کودھمکی

واشنگٹن: امریکا کے صدرجوبائیڈن نے چین کوخبردارکیا ہے کہ اگریوکرین کے معاملے پرروس کی مدد کی توپابندیوں کا سامناکرنا پڑے گا۔

امریکی صدرجوبائیڈن نے چینی ہم منصب  شی جن پنگ سے ٹیلی فون پرگفتگومیں کہا کہ اگربیجنگ نے یوکرین پرحملے میں روس کوچیزوں کی مدد فراہم کی تواس کے نتائج ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 گھنٹوں پرمشتمل ویڈیو کال میں  دونوں رہنماؤں نے یوکرین کا مسئلہ  سفارتی طریقے سے حل کرنے پراتفاق کیا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کوجن نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ان میں پابندیاں بھی شامل ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چینی صدرشی جن پنگ نے امریکی ہم منصب سے یوکرین میں جاری جنگ جلد ازجلد ختم کروانے کا مطالبہ کیا۔

چینی صدرنے نیٹوممالک پرزوردیا کہ وہ مسئلے کے حل کے لئے ماسکو سے مذاکرات کریں۔شہریوں کی ہلاکت روکنے اورانسانی بحران کوپیدا ہونے سے روکنے کے لئے مذاکرات بہت ضروری ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چینی صدرشی جن پنگ نے امریکی صدرپرواضح کیا کہ چین روس اوریوکرین کے درمیان بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔