دنیا بھر میں کورونا سے اموات 10 لاکھ سے تجاوز کرگئیں

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے مہلک وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کورونا وائرس سے ہلاکت خیزی کا سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے اور امریکا، بھارت، ارجنٹائن اور برازیل سمیت دیگر ممالک میں ہزاروں افراد مہلک وائرس کا شکار بن رہے ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جس میں سب سے زیادہ اموات امریکا اور برازیل میں ہوئی ہیں۔

مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں بھی بدستور اضافہ ہورہا ہے اور اب تک کورونا سے 3 کروڑ 31 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

متاثرہ مریضوں کی تعداد میں امریکا کے بعد بھارت دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

بھارت میں روزانہ کورونا کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے اور ساتھ ہی ہلاکتیں بھی تیزی س بڑھتی جارہی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے 2 کروڑ 45 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔