شبیر احمد شاہ سمیت غیرقانونی طور پر قید تما م کشمیریوں کو رہا کیا جائے، فریڈم پارٹی فریڈم پارٹی کومقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی پر شدید تشویش
سری نگر()جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے اضافہ اہلکاروں کی تعیناتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام کشمیر کے خلاف بھارت کی جابرانہ پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پارٹی نے چیئرمین شبیر احمد شاہ سمیت غیرقانونی طور پر قید تما م کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی اور تشدد کی بڑی وجہ بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد میں تعیناتی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے اضافہ دستوں کی تعیناتی سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید خراب ہوگی ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جاری جدوجہد کو کچلنے پر تلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور وہ علاقے میں اختلاف رائے کی آوازوںکو کالے قوانین کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حریت رہنماں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو سلاخوںکے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوںنے پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ سمیت غیرقانونی طور پرقید تما م کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔