تنازعہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادو ں میں مضمر ہے، ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ

سرینگر  غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںو کشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ نے بھارت پر واضح کردیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادو ں میں مضمر ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے جنرل سیکرٹری پیر ہلال احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بیش بہا قربانیاںدی ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت کے چنگل سے آزاد ہوگا اور کشمیری عوام آزادی کی صبح دیکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھا ہے اورا سے یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ ظلم و جبر اور بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔پیر ہلال نے کہا کہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہیے کہ کشمیری عوام نے آج تک بھارت کے جبری قبضے کو تسلیم نہیں کیا اور نہ کبھی کریں گے۔

حریت رہنما نے کہا کہ تنازعہ کشمیر گزشتہ سات دہائیوں سے صرف بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے لٹکتا رہا ہے جبکہ پاکستان روز اول سے اس تنازعے کے پرامن حل کیلئے کوششیں کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دو ایٹمی طاقتیں ہیں اور ان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ و ہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میںنسانی حقوق کی پامالیاں بندکرانے اور جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ کے خطرے سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق پائیدار حل تلاش نہیں کیا جاتا، خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔