گوسوامی کے وٹس ایپ پیغامات نے مودی حکومت کا بھیانک چہرہ بے نقاب کر دیا ہے:تحریک وحدت اسلامی

سرینگر18جنوری : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںتحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت میں ریپبلک ٹیلی ویژن کے چیف ارنب گوسوامی کے منظر عام پر آنے والے وٹس ایپ پیغامات نے ایک مرتبہ پھر مودی حکومت کا بھیانک چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ پیغامات نے اس حقیقت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ 14فروری 2019کو ضلع پلوامہ میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس ( سی آر پی ایف )پر ہونے والا حملہ نریندر مودی حکومت کا رچایا ہوا ڈرامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ارنب گوسوامی کے وٹس ایب پیغامات عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہیں کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی فرقہ پرست حکومت اس قدر سنگ دل اور وحشی ہے کہ اس نے پاکستا ن دشمنی میں اپنے ہی درجنوں فورسز اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے ہی بے گناہ کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہا رہا ہے اوراب وہ ان کی حق پر مبنی تحریک آزادی اور مملکت خداداد پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اپنے ہی فورسز اہلکاروں کی جانیں لینے سے بھی نہیں کترا رہا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے اور وہ چاہتا ہے کہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت ملے جبکہ بھارت کی حیثیت ایک غاصب کی ہے جو محض فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کے خلاف مکروہ بھارتی عزائم دن بہ دن دنیا پر آشکار ہو رہے ہیں اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلندہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں مقبوضہ جموںو کشمیر میں جبر و استبداد اور بھارت بھر میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر بھارت پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست بھارت کا مقدر ہے اور کشمیری بالآخر اپنی حق پر مبنی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہونگے۔