نئے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کی تشکیل بدستور ہوا میں معلق

ڈیپارٹمنٹس اور ریجن کی ٹیمیں ختم نمائندے بدستورفیصلہ سازی میں شریک

لاہور  نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کے تحت نئے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل بدستور ہوا میں معلق ہے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کی عبوری کمیٹیز جلد قائم کرنے کی خوشخبری سنا دی،ان کا کہنا ہے کہ گورننگ باڈی میں ایک خاتون سمیت 4 آزاد ممبرز شامل ہوںگے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے 6 ارکان کے عہدوں کی 2 سالہ مدت 8 اگست کو ختم ہوگئی تھی، ان میں واپڈا کے چیئرمین لیفٹنینٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل، حبیب بینک کے عمران فاروقی، کے آر ایل کے ایاز بٹ،سابق لاہور ریجن کے شاہ ریز عبداللہ روکڑی،پشاور ریجن کے کبیر خان اور کوئٹہ ریجن کے شاہ دوست شامل ہیں، سیالکوٹ ریجن کے نعمان بٹ انضباطی کارروائی کی وجہ سے پابندی کا شکار ہیں، 2 ارکان چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور اسد علی خان پیٹرن ان چیف عمران خان کے نامزد کردہ ہیں، حیرت کی بات ہے کہ بورڈ آف گورنرز میں کام کر رہے ہیں۔

پی سی بی کا موقف ہے کہ آئین 2019ء کے تحت نئے اراکین کی تقرری تک موجودہ ممبران کام کرسکتے ہیں، اب چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ایک انٹرویو میں خوشخبری سنائی کہ 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی عبوری کمیٹیز جلد قائم کردی جائیں گی، فعال باڈیز کی موجودگی میں ایک ایسا گورننگ بورڈ تشکیل دینے کی راہ بھی ہموار ہوگی جو شفاف انداز میں میرٹ پر کام کرے گا، انھوں نے کہا کہ ایسوسی ایشنز کی اپنے متعلقہ علاقوں میں کرکٹ امور کی انجام دہی اور کھیل کے فروغ کیلیے سرگرمیوں میں بااختیار ہوں گی،گورننگ باڈی میں ایک خاتون سمیت 4 آزاد ڈائریکٹرز شامل ہوں گے، کرکٹ ایسوسی ایشنز کے 3 صدور کو جگہ دی جائے گی۔