بھارتی وزیر اعظم مودی کی ذاتی ویب سائٹ سے منسلک ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا

ٹوئیٹر حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ سے منسلک اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا

نئی دہلی  بھارتی وزیر اعظم مودی کی ذاتی ویب سائٹ سے منسلک ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا۔ ٹوئیٹر حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ سے منسلک اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائیٹ سے منسلک ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہو جانے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئیٹر حکام کا کہنا ہے وزیر اعظم مودی کی ویب سائٹ سے منسلک ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا اور اس بات کا انتظامیہ کو علم تھا جس پر اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کے ہیک شدہ اکاؤنٹ سے جمعرات کی صبح کچھ ایسے ٹوئیٹ کیے گئے جس میں عوام سے بٹ کوائن عطیہ کرنے کا کہا گیا۔
ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا کہ ’’میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ کوویڈ ۔19 کے لیے وزیر اعظم نیشنل ریلیف فنڈ میں فراخدلی کے ساتھ عطیہ کریں، اب ہندوستان کرپٹو کرنسی سے شروع کرے گا، برائے مہربانی بٹ کوائن عطیہ کریں‘‘

ہیک ہونے والے اکاؤنٹ سے ہونے والے ایک اور بوگس ٹوئیٹ میں لکھا تھا ’’یہ اکاؤنٹ جان وک ([email protected]) نے ہیک کیا ہے، ہم نے پے ٹی ایم مال کو ہیک نہیں کیا ہے‘‘ بھارت وزیر اعظم کے ہیک شدہ ٹوئیٹر اکاؤنٹ کی ٹوئیٹر انتظامیہ کی جانب سے تصدیق بھی کی گئی ہے۔ہیک شدہ اکاؤنٹ تصدیق شدہ تھا جس کے 2.5 ملین فالوؤرز ہیں، اکاؤنٹ نریندر مودی کی ذاتی ویب سائیٹ کے ساتھ منسلک تھا۔ اس سے قبل جولائی کے وسط میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر کو ہیکرز کی جانب سے اسی قسم کے ایک عجیب و غریب حملے کا سامنا رہا جس میں ممتاز عالمی شخصیات کے ٹوئیٹر اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے تھے، نہ صرف مصدقہ اکاؤنٹس ہیک ہوئے ہیں بلکہ ہیکرز کی جانب سے ہیک شدہ اکاؤنٹس سے صارفین کو لوٹا بھی گیا۔ہیک ہونے والے اکاؤنٹس سے کرپٹوکرنسی سے متعلق ٹوئیٹس کیے گئے جن میں لوگوں کو ایک مخصوص اکاؤنٹ میں بٹ کوائن بھیجنے کی صورت میں اسے دگنا کرنے کا وعدہ کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شروع میں ہی 300 کے قریب افراد اس فراڈ کا شکار ہو کر ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ہیکرز کے حملے کا نشانہ بننے والی معروف عالمی شخصیات میں باراک اوبامہ، بل گیٹس، ایلان مسک، جو بائیڈن، جیف بیزوس، وارن بفٹ اور مائیک بلومبرگ کے نام نمایاں تھے۔ اس کے علاوہ اوبر اور ایپل کمپنی کے اکاؤنٹس بھی ہیکرز کے حملے کا نشانہ بنے تھے