
بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا انتہائی خطرہ
سرینگر۔ گزشتہ سال 5اگست کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے غیر قانونی طور پرگرفتار کئے گئے ہزاروں کشمیریوں کے مہلک کورونا وبا میں مبتلا ہونے کا شدید خطرہ ہے کیونکہ بھارت کی ان جیلوں میں نظربند ہیں جہاں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نئی دلی میں قائم بھارت کے کرائم ریکارڈز بیورو کے تازہ ترین اعدادومیں انکشاف کیاگیا ہے کہ ان جیلوں میں چار لاکھ 78ہزار قید ی نظربند ہیں جبکہ ان کی گنجائش چار لاکھ تین ہزار ہے
بھارت میں 2017کے آخر تک جیلوں کی تعدا د ایک ہزار 361، 2018کے آخر ایک ہزار 339اور 2019 کے آخر میں ایک ہزار 350تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 31 دسمبر تک مختلف جیلوں میں موجود قیدیوں کی تعداد بڑھ کرچار لاکھ 78ہزار تک پہنچ گئی جو کہ 2017میں چار لاکھ 50ہزار اور 2018کے آخر تک 4لاکھ 66ہزار تھی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میںبھارت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے ہزاروں کشمیریوں جن میں بیشتر نوجوان بھی شامل ہیں کو گرفتار کر کے بھارت کی جیلوں میں نظربند کردیاگیا تھا جن کی بڑی تعداد اب بھی قید ہے اور ان کے مہلک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شدیدخطرہ ہے ۔