بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیریوںکی آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوں گے، اتحاد المسلمین

سرینگر۔  غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اتحاد المسلمین نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس نے پارٹی کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری کو محرم الحرام کی تقریبات میں شرکت سے روکنے کے لیے اپنی رہائش گاہ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔  اتحاد المسلمین کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی صدر کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مولانا مسرور کو اپنے مذہبی فرائض انجام دینے سے روک دیا گیا اور انہیں عاشورہ کے اجتماعات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوںنے کہاکہ 8 محرم سے مولانا مسرور گھر میںنظر بند ہیں اور یہ کارروائی قابض انتظامیہ کی فرقہ پرست ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں آر ایس ایس کے ایجنڈے کو ناگپور سے نافذ کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈے کشمیر میں اکثریت کی آواز کو خاموش کرانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے محرم الحرام کے پر امن جلوسوں پر بلا ضرورت پابندی اور پولیس کی بربریت کی شدید مذمت کی۔ترجمان نے 8محرم کو لال چوک میں عزاداروںکی گرفتاری اور تشدد ، 9محرم کو بمنہ سرینگر میں پرامن جلوس پر چھروں کی بارش ، عاشورہ کے جلوس پر پابندی اور اتحادالمسلمین کی قیادت کی گھرمیں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین قسم کاامتیازی سلوک قراردیا۔