
کورونا وائرس: بھارت میں امریکہ سے بھی بدتر حالات پیدا ہو گئے
ایک ہی دن میں 70 ہزار کے قریب کیسز سامنے آ گئے، ہلاکتوں کی یومیہ تعداد بھی 1 ہزار سے زائد ہو گئی
نئی دہلی بھارت میں کورونا کے باعث امریکہ سے بھی بدتر حالات پیدا ہو گئے۔ ایک ہی دن میں 70 ہزار کے قریب کیسز سامنے آ گئے، ہلاکتوں کی یومیہ تعداد بھی 1 ہزار سے زائد ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں اپنے عروج پر ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ روز 70 ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔بھارتی خبر ایجنسی نے وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بھارت میں کورونا وائرس کے 67 ہزار 151 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 32 لاکھ 34 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میڈیا کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں 1059 افراد کورونا وائرس کے باعث موت کا شکار ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 59 ہزار 449 ہو گئی ہے۔
نیوز رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں اس وقت ایکٹو کیسز کی تعداد 7 لاکھ 7 ہزار سے زائد ہے جبکہ کورونا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 24 لاکھ 67 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ روز بھی مہلک کورونا وائرس کے ساٹھ ہزار نئے کیسز سامنے آئے تھے۔