بگ بیش لیگ میں بیٹر کی چیٹنگ، مخالف ٹیم کو 5 اضافی رن مل گئے

بگ بیش لیگ کے ایک میچ کے دوران بیٹر کی جانب سے کی گئی چیٹنگ ٹیم کو مہنگی پڑ گئی اور مخالف ٹیم کو 5 اضافی رن مل گئے۔

بگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہیوری کینز اور میلبرن اسٹارز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ہوبارٹ ہیوری کینز کا بیٹر رن لیتے ہوئے کریز سے کافی دور ہی بلا رکھ کر دوسرے رن کے لیے دوڑ گیا۔

فیلڈ امپائر نے اس  واقعے سے میچ ریفری کو آگاہ کیا  جس پر ریفری نے بطور پنالٹی بولنگ ٹیم یعنی میلبرن اسٹارز کو 5 اضافی رنز دیے۔

ہوبارٹ ہیوری کینز نے میلبرن اسٹارز کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا لیکن اننگز کے آغاز سے قبل ہی اسٹارز کو 5 رن مل گئے۔

بگ بیش لیگ اور میلبرن اسٹارز کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بھی اس حوالے سے بتایا گیا لیکن دونوں اکاؤنٹس پر یہ نہیں بتایا گیا کہ چیٹنگ کس بیٹر کی جانب سے کس اوور میں کی گئی۔