وزیر تعلیم پنجاب نے سکول کھلنے پر اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا

اساتذہ تین دن پہلے کا ٹیسٹ ساتھ لائیں گے، ماسک ، صابن ، ہینڈ سینیٹائزر، اور دیگر سامان پر 7 ارب روپے خرچ ہوگا، محکمہ تعلیم کہاں سے اتنا بل دے گا؟ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی میڈیا سے گفتگو

لاہور  وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سکول کھلنے پر اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ اساتذہ تین دن پہلے کا ٹیسٹ ساتھ لائیں گے،ماسک ، صابن ، ہینڈ سینیٹائزر، اور دیگر سامان پر 7 ارب روپے خرچ ہوگا، محکمہ تعلیم کہاں سے اتنا بل دے گا؟ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سکولوں میں اضافی 6 ہزار اساتذہ کو ضرورت کے مطابق دوسرے سکولوں میں بھجوا دیا ہے۔ایک سال کے اندر ریٹائرڈ ہونے کے قریب اور معذور افراد کو کہیں ٹرانسفر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کھلنے پر ایک کلاس کے تمام بچے بیک وقت سکول نہیں آئیں گے۔کلاسز ڈبل شفٹ میں ہوں گی یا پھر باقی طالبعلم دوسرے روز سکول آئیں گے۔ طالبعلم گھر سے ماسک پہن کرآئے گا۔ماسک ، صابن ، ہینڈ سینیٹائزر، اور دیگر سامان پر 7 ارب روپے خرچ ہوگا۔ محکمہ تعلیم کہاں سے اتنا بل دے گا؟ ٹیچرز کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، اساتذہ تین دن پہلے کا ٹیسٹ ساتھ لائیں گے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ اولیول پیپرز کی رجسٹریشن کیلئے سکول انتظامیہ والدین کے ساتھ تعاون نہیں کررہی۔ واضح رہے گزشتہ روز محکمہ صحت نے پنجاب نے 15ستمبر سے سکول کھولنے کیلئے ایس اوپیز جاری کیے ہیں۔ جن کے تحت سکولوں میں ان ڈور گیمز، جھولے ، اور کھیلوں کی سرگرمیو ں پر پابندی ہوگی۔سیمینارز، تقریری مقابلے اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کی پابندی ہوگی۔سکولوں میں مارننگ اسمبلی منعقد کروانے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ سکولوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ سکولوں کی انتظامیہ کیلئے ضروری ہوگا کہ سکولوں میں صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح سانس کی تکلیف میں مبتلا طلباء ، سٹاف کو گھر تک محدود رکھا جائے گا۔ تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔تعلیمی اداروں اور سکولو ں میں احتیاطی تدابیر کے تحت 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا جبکہ طالب علموں کے ہاتھ ملانے پر پابندی عائد ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھروں سے لائیں گے۔