خان سوپوری کا نظر بند کشمیریوں کےساتھ غیر انسانی سلوک پر اظہار تشویش

سرینگر29جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے مقبوضہ علاقے اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ نظر بندوںکو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، انہیں غیر معیاری غذا دی جا رہی ہے اور علاج و معالجہ اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ وادی کے رہائشیوں کو اپنے گھروں سے ہزاروں میل دو ر بھارتی جیلوںمیں قید کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انکے اہلخانہ اور عزیز و اقار ب انکے ساتھ ملاقات کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوںنے نظر بندوں کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انکی عظیم قربانی کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ محکوم کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔