سری لنکن پریمیئرلیگ ، پاکستان سے بھی ایک ٹیم کی شرکت متوقع

مالک سے بات چیت فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی، جلد اعلان متوقع :ذرائع،آئیکون کرکٹرز کی ابتدائی فہرست میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اورمحمد حفیظ شامل

کولمبو  سری لنکن پریمیئرلیگ میں پاکستان سے بھی ایک ٹیم کی شرکت کا امکان روشن ہوگیا، بات چیت فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی اور جلد اعلان متوقع ہے، ایونٹ کا انعقاد نومبرسے دسمبر کے دوران مناسب ونڈو دیکھ کر کیا جائے گا، منتظمین نے آئیکون کرکٹرز کی ابتدائی فہرست میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اورمحمد حفیظ کو بھی شامل کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کافی عرصے سے اپنی ٹی 20 لیگ کرانا چاہتا ہے مگرکورونا وائرس کے سبب ایونٹ کی تاریخیں بار بار تبدیل ہوچکی ہیں، اب نومبر اور دسمبر میں مناسب ونڈو دیکھ کرانعقاد کیا جائیگا، اس میں 5 ٹیمیں دمبولا ہاکس،گال ڈولفنز، جافناکوبراز،کولمبو لائنز اور کینڈی ٹسکرز کے نام سے شریک ہوںگی، مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے، ہرفرنچائز کو کم از کم 8 اور زیادہ سے زیادہ 10 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ میں پاکستان سے بھی ایک ٹیم شامل ہو گی، اس حوالے سے ابتدائی بات چیت مکمل ہو چکی اور جلد معاہدہ ممکن ہے، ٹیم کے ممکنہ اونر کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ منتظمین نے شاہد آفریدی،محمد حفیظ،شعیب ملک، اے بی ڈی ویلیئرز،این مورگن، یوراج سنگھ، سنیل نارائن، لاستھ مالنگا، اینجلو میتھیوز،عرفان پٹھان، کرس گیل، ایلکس ہیلز، شین واٹسن اور شکیب الحسن کو آئیکون پلیئرز بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، مجموعی طور پر 30 غیرملکی کرکٹرز شامل ہوںگے،بھارتی کھلاڑیوں کی شمولیت بورڈ کے این او سی سے مشروط ہے۔یاد رہے کہ سری لنکا کرکٹ نے فرنچائز اونرشپ رائٹس، میڈیا براڈکاسٹ اور گراؤنڈ سپانسر شپ حقوق 5 سال کیلیے دبئی کی کمپنی آئی پی جی کو تقریباً 11 ملین ڈالر میں فروخت کیے ہیں،ابتدائی 2 برسوں میں ہرسال 1.9 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ اگلے 3 سال 10فیصد کا اضافہ ہوتا جائیگا، اس کمپنی کے پارٹنر اور سی ای او جواد غلام رسول ٹی 10 لیگ کے اولین ایڈیشن میں بھی اسی حیثیت سے کام کر چکے، وہ اب پختون ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو ہیں، سری لنکا کرکٹ کو صرف گراؤنڈز کی سہولیات اور امپائرز و میچ آفیشلزکو دیکھنا ہوگا باقی تمام کام آئی پی جی سنبھالے گی۔