بھارتی پابندیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر میں یونیورسٹی ، کالجز اور سکولوں کے امتحانات ملتوی کشمیر یونیورسٹی اور جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کا سبھی امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان

سری نگر()قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی کی وفات کے بعد بھارتی پابندیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر میں یونیورسٹی ، کالجز اور سکولوں کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔کشمیر یونیورسٹی اور جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے 3 اور 4 ستمبر سے شروع ہونے والے سبھی امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر لیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ یکم ستمبر کی رات کو سید علی گیلانی اپنی رہائش گاہ واقع حیدرپورہ، سرینگر میں انتقال کرگئے۔سید علی گیلانی کی وفات کے بعد انتظامیہ نے  سری نگر میں سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تاروں سے سیل کیا گیا ہے۔ جب کہ جگہ جگہ بھارتی فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ موبائل انٹرنیٹ سروسز کو بھی معطل کردیا گیا ہے