کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اظہار تشویش بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے ، ترجمان حریت

سرینگر : مقبوضہ جموںوکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو عملی طور پر ایک میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے جہاں 10 لاکھ کے قریب تعینات بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوںکو اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت مانگنے پر بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ کشمیریوں کے اس حق کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں انہیںفراہم کی گئی ہے ۔  حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج اور کشمیریوںکی آبادی کا تناسب 1:10ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میںاپنی پرامن جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوںکو دبانے کیلئے اتنی بڑی تعداد میں بھارتی فوج کی موجودگی سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول قائم اور لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گیا ہے ۔ حریت ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال معمول کی انسانی زندگی گزارنے کیلئے انتہائی ناسازگار ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور عالمی برادری پر  زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کرنے میں مدد دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ زمینی حقائق تسلیم کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے اورکشمیریوںکو انکا حق خودارادیت تنازعہ کشمیر کو خوش اسلوبی سے حل کیاجاسکتا ہے ۔