مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں آج پھر پرائیویٹ سکولز کھل گئے

پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سکولوں کے خلاف کاروائی پر احتجاج کا اعلان کر دیا

مینگورہ  مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں آج پھر پرائیویٹ سکولز کھل گئے۔تفصیلات کے مطابق کئی پرائیویٹ اداروں نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سکولز کھول لیے ہیں۔ہفتے کے روز ضلعی انتظامیہ کی کاروائیوں کے باوجود مالکان سکولز کھولنے پر بضد ہیں۔پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سکولوں کے خلاف کاروائی پر آج احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔قبل ازیں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں حکومتی احکامات کے باوجود کورونا وائرس کے باعث پانچ ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں حکومتی احکامات کو سکول مالکان نے ہوا میں اڑا دیا۔نجی سکولوں کی انتظامیہ نے کورونا کے باعث پانچ ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھول دیے تاہم حاضری انتہائی کم رہی اور والدین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ رہے ہیں۔
مینگورہ میں اسکول کو بند کرنے کے لئے انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد سکولوں کو بند کرا دیا ہے اور چار پرنسپل کو بھی گرفتار کیا ہے۔خیبرپختونخواحکومت نے 15ستمبرسے قبل کھلنے والے نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کااعلان کیا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اسٹاف کو انتظامی معاملات کے لیےا سکول آنے کی اجازت دی تھی ۔ احتیاط ضروری ہے، والدین بچوں کو اسکول نہ بھیجیں.جس اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہوئی کارروائی کریں گے،صوبہ بھر سمیت سوات کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو کھلیں گے یہ فیصلہ طلباء کو کرونا وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر سوات کے آفس سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق نجی سکولوں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کریں اور 15 ستمبر سے پہلے سکول ہرگز نہ کھولیں انہوں نے والدین اور طلباء سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر نجی سکول اپنی من مانیوں سے باز نہیں آئے تو والدین اپنے بچوں کو ہرگز سکول نہ بھیجیں حکومت نے یہ فیصلہ بچوں کی صحت کے لئے کیا ہے تاکہ وہ کرونا وباء سے محفوظ رہیں۔