وزیراعظم نےترسیلاتِ زر میں اضافہ پاکستانی معیشت کیلئےبڑی خوشخبری قرار دےدیا

سمندر پارپاکستانیوں کی بھجوائی گئی ترسیلاتِ زر کا حجم 2768 ملین ڈالرز تک پہنچ گیا، یہ پچھلے سال جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

لاہور  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری ہے، سمندرپار پاکستانیوں کی بھجوائی گئی ترسیلاتِ زر کا حجم 2768 ملین ڈالرز تک پہنچ گیا، یہ پچھلے سال جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پاکستانی معیشت کیلئے ایک اور خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ جولائی 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں کیجانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلاتِ زر 2768 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں جو ملکی تاریخ میں 1 ماہ میں بھجوایا جانے والا سب سے زیادہ سرمایہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ترسیلاتِ زر جون 2020 کی نسبت 12.2 فیصد جبکہ جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔

واضح رہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیاں منفی ومثبت خبروں کی لپیٹ میں رہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیاں منفی ومثبت خبروں کی لپیٹ میں رہیں، حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان کیپیسٹی چارجز اور منافع کے معاملے پرمعاہدے، سیمنٹ فرٹیلائزر گاڑیوں کی فروخت بڑھنے کے اعدادوشمار اور صنعتوں سے جی آئی ڈی سی کی مد میں صارفین سے وصول کی جانے والی 471 ارب روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے عدالتی فیصلے سے مارکیٹ کی سرگرمیاں اتار چڑھا کا شکار ہوئی اور ہفتہ وار کاروبار میں محدود پیمانے پرتیزی رونما ہوئی۔

ہفتہ وارکاروبار کے دوران اتارچڑھا کے بعد مجموعی طورپرمحدود تیزی سے انڈیکس کی 40200 پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی۔ 5 روزہ کاروبار میں 3 سیشنز میں مندی اور 1سیشن میں تیزی رہی۔ مجموعی طورپر تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 10ارب 60 کروڑ 67لاکھ 96 ہزار755 روپے کامزیداضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 74کھرب 34ارب 56 کروڑ 39لاکھ 47 ہزار 995 روپے ہوگیا۔ہفتے وار کاروبارمیں 100 انڈیکس 261.05 پوائنٹس بڑھکر 40290.74 پوائنٹس پربند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 241.37 پوائنٹس بڑھکر17538.41 پوائنٹس پربند ہوا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 422.90 پوائنٹس بڑھ کر64483.33 پوائنٹس پربند ہوا اورکے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 89.94 پوائنٹس بڑھ کر 19592.84 پوائنٹس کی سطح پربند ہوا۔