اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنااہم کردار ادا کریں،حریت کانفرنس

سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنااہم کردار ادا کریں ۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت مانگنے پرآزادی پسند کشمیری عوام کے خلاف سفاک بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری وحشیانہ فوجی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیریوںکو ان کے اس حق کی ضمانت اقوام متحدہ نے فراہم کر رکھی ہے ۔ بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے جاری کشمیریوں کے قتل عام نے پورے جنوبی ایشیا کو جوہری تصادم کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کرنے پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیان اور سرینگر کے علاقوں لاوے پورہ، بمنہ، حیدر پورہ، رام باغ اور رنگریٹ میں کشمیریوںکے حالیہ دن دیہاڑے دوران حراست قتل سے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی منظم ریاستی دہشت گردی کاپتہ چلتا ہے ۔

حریت ترجمان نے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں بھارتی فوج کے گھنائونے جنگی جرائم کے باوجود نڈر کشمیری عوام کبھی بھی بھارتی فوجی طاقت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی جدوجہد آزادی بھارت کی اجازت سے نہیں شروع کی ہے اور نہ ہی ہم نے اس سے کسی رعایت کی درخواست کی ہے ۔حریت ترجمان نے شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنااہم کردار ادا کریں ۔