کل جماعتی حریت کانفرنس کے ممتاز رہنما الطاف حسین وانی کی یوم آزادی پر عوام اور حکومت پاکستان کو دلی مبارکباد

کشمیریو ں کی مبنی بر حق جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کے مشکور ہیں،الطاف حسین وانی

اسلام آباد  سینئر وائس چیئرمین جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ (جے کے این ایف) اور اے پی ایچ سی کے ممتاز رہنما الطاف حسین وانی نے یوم آزادی کے موقعہ پر عوام اور حکومت پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔یوم آزادی کے موقع پر جاری کردہ ایک بیان میںالطاف حسین وانی نے کہا ”کشمیری عوام اسلامی جمہوریہ پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں کہ مملکت خداداد پاکستان نے کشمیریو ں کی مبنی بر حق جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ سے حمایت کی ہے۔انہوں نے پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان بہت ضروری ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ برسر اقتدار حکومت کشمیریوں کو ان کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق، حق خود ارادیت کے حصول میں مدد دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی جس کے لئے انہوں نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیر کو ہندوستانی غلامی سے آزاد نہیں کیا جاتا تب تک ایک متحرک، مستحکم اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے۔جے کے این ایف کے ایک ترجمان نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر دنیا پر یہ واضع کردے کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کسی طور تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے بھارت کو غاصب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک نے لاکھوں کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا ہے اور ان کی مادر وطن پر قبضہ کرکے ان کی آزادی چھین لی ہے اس کا کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ وہ یوم آزادی منائے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ حکومت کامقبوضہ جموں و کشمیر کو جبری طور پر منسلک کرنے کی ناکام کوشش سے یہ ایک بار پھر بھارت کی نو استعمار، آمرانہ اور فاشسٹ نواز رجحانات کی طرف اشارہ کیا ہے۔