کشمیر ہائی وے کا نام بدل کر سرینگر ہائی وے رکھنے کا اقدام لائق تحسین ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس، 11اگست کو غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہڑتال کی کال

اسلام آباد  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر ہائی وے کا نام بدل کر سرینگر ہائی وے رکھنے کے حکومت پاکستان کے اقدام کو سراہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ اس اقدام سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو گا اور عالمی برادی کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول ہو گئی۔انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان خاص طورپر وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی جاندار سیاسی مہم کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں سینئر حریت رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گیارہ اگست کو انکی شہادت کی برسی پر مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

بھارتی فوجیوںنے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست2008کواس وقت گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدائے کشمیر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 11اگست کو مکمل ہڑتال کریں۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا مقصد بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ شہدائ کے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان نے کشمیر ی سیاسی قیدیوں کو سینٹرل جیل سرینگر سے جموں خطے کی جیلوں میں منتقلی پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت قتل وغارت، گرفتاریوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا اور وہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ فوجی جارحیت اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کر کے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے ایک حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کرے۔