بھارتی پولیس نے تحریک حریت جموں وکشمیرکے جنرل سیکرٹری پر کالا قانون ’’ پبلک سیفٹی ایکٹ ‘‘ لاگو کردیا

سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پولیس نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے غیر قانونی طورپر نظر بند جنرل سیکرٹری امیر حمزہ شاہ پر کالا قانون ’’ پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کر دیا ہے ۔ کالاقانون لاگو کیے جانے کے بعد انہیں سوپور تھانے سے جموں خطے کی کوٹ بلوال جیل میں منتقل کر دیا گیاہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق امیر حمزہ شاہ کے اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوںکو بتایا کہ بھارتی پولیس نے چند روز قبل ان پر کالا قانون ’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کر دیا جس کے بعد انہیں کوٹ بلوال جیل جموں لے جایا گیا۔ نظر بند رہنما کے ایک رشتہ دار نے کہا کہ امیرحمزہ کو کچھ روز قبل کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا اور ان کے خلا ف کئی مقدمات درج کیے گئے اور کالا قانون ’پی ایس اے ‘‘لاگو کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیر حمزہ شاہ کی اہلیہ سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں لیکن اسکے باوجود انکے شوہر پر کالا قانون عائد کر کے جموںخطے کی جیل میں منتقل کیا گیا۔