16 اگست سے مزید 10 ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے 16 اگست سے مزید 10 ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون ایکنیک سے منظور کرلیا گیا ہے اور اس کا ٹینڈر 30 اگست سے پہلے ہوجائےگا، اس منصوبے میں کوئی ریلوے پھاٹک نہیں ہوگا، ایم ایل ون سے 2 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، میری خواہش ہے چین کے صدر ایم ایل ون کا افتتاح کریں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ 16 اگست سے 10 ٹرینیں کھول رہے ہیں، تمام ریل گاڑیوں کے پرانے اسٹاپ ختم کرنے جا رہے ہیں اور بدر ایکسپریس کا روٹ براستہ فیصل آباد کردیا ہے۔

ملکی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کدھر گئی اپوزیشن کی اے پی سی؟ ،میں ٹرین نہیں چلا رہااور یہ تحریک چلانے جارہے ہیں؟

’نوازشریف واپس نہیں آرہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن خوفناک جرم ہے اس کی معافی نہیں اور میں نہیں سمجھتا پی ٹی آئی کا کوئی وزیر کرپشن کر رہا ہے، عمران خان کو چینی آٹے کے ریٹ معلوم ہیں میں کابینہ میں بتاتا ہوں، سبسڈی دے کر چینی اور آٹے کی قیمت ٹھیک کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس نہیں آرہے، ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں۔