پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، بین سٹوکس
مانچسٹر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کالی آندھی کے خلاف ہوم سیریز میں فتوحات کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم انکی ٹیم نے میچ سے قبل بھرپور تیاری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سٹوکس نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرین سرٹس کو ابتدائی ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو مانچسٹر میں شیڈول ہے۔