پوری متحد ہو کر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل (بدھ) کو یوم استحصال منائے گی،شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ نے اہم اجلاس کے شرکاء کواپنے دورہ لائن آف کنٹرول چری کوٹ سیکٹر اور مظفر آباد کے حوالہ سے آگاہ کیا

اسلام آباد  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری قوم کل بدھ 5 اگست کو متحد ہو کر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منائے گی۔ وہ منگل کو وزارت خارجہ میں 5 اگست کے حوالہ سے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔وزیر خارجہ نے اپنے دورہ لائن آف کنٹرول چری کوٹ سیکٹر اور مظفر آباد کے حوالہ سے شرکاء اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سمیت کشمیر کی سیاسی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کا تذکرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نہتے اور معصوم شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، پوری کشمیری قوم بھارت کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر چکی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم 5 اگست کو متحد ہو کر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منائے گی، مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے جب تک ان کا حق خود ارادیت انہیں حاصل نہیں ہو جاتا۔ اجلاس میں یوم استحصال سے متعلق احتجاجی لائحہ عمل کے حوالہ سے تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔

via urdupoint news