گیلانی کیلئے نشان پاکستان

اسلام آباد//پاکستان کی قومی اسمبلی کے ایوان بالا نے ایک قرارداد پاس کرکے علیحدگی پسند رہنما سیدعلی شاہ گیلانی کی سراہنا کی ہے اور حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ اُنہیں پاکستان کے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز’نشان  پاکستان‘ سے سرفرازکریں۔ پاکستانی سینیٹ میں اتفاق رائے سے پاس کی گئی قراردادمیں سیدعلی شاہ گیلانی کی انتھک جدوجہد کااعتراف کیاگیا۔حکومت اور حزب اختلاف نے علیل اور بزرگ کشمیری رہنما کے ’’عزم،ثابت قدمی،حوصلے اور قیادت‘‘کی مشترکہ قراردادمیں تعریفیں کیں۔قراردادمیں کشمیرمیں بھارت کی مبینہ انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے گیلانی کی سراہنا کی گئی ۔ قراردادمیں تجویز کیاگیاکہ پاکستان کی وفاقی حکومت اسلام آباد میں پاکستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی کوسیدعلی شاہ گیلانی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ سائنسزکے نام سے موسوم کریں ۔قراردادمیں مزید کہاگیا ہے کہ وفاقی اورصوبائی سطح کے نصاب میں گیلانی کی جدوجہدکو شامل کیا جائے ،اورعالمی ضمیرکوبیدار کیاجائے تاکہ گیلانی کواپنے من پسند مقام پر بہترین طبی علاج فراہم کیاجاسکے
via kashmir uzma news