تاریخی دن ، آیا صوفیا مسجد میں 86 سال بعد آج سے باضابطہ باجماعت نماز کا آغاز

استنبول : آیا صوفیا مسجد میں آٹھ دہائیوں بعد آج سے باضابطہ باجماعت نماز کا آغاز ہوگا، ترک صدر طیب اردوان بھی نماز جمعہ آیا صوفیا میں ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق تاریخی فیصلے کے بعد تاریخی دن آگیا ، چھیاسی سال بعد آیا صوفیا مسجد میں نمازوں کی باقاعدہ ادائیگی کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

آیا صوفیا مسجد میں آج نماز جمعہ کا بڑا اجتماع ہوگا، اجتماع کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، نماز جمعہ میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے جبکہ ترک صدر طیب اردوان بھی نماز جمعہ آیا صوفیا میں ادا کریں گے۔

ترک حکومت نے پنج وقتہ نمازوں کےلیے ائمہ اور مؤذن حضرات کا تقرر کر دیا ہے۔

یاد رہے دس جولائی کو ترک عدالت نے آیا صوفیا میوزیم کو دوبارہ مسجد میں بدلنےکا فیصلہ سنایا تھا، عدالتی فیصلے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے آیا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کئے اور آیا صوفیا کی میوزیم کی حیثیت ختم ہوگئی جبکہ اس کا کنٹرول ترکی کے محکمہ مذہبی امور نے سنبھال لیا تھا۔

خیال رہے آیا صوفیہ کی تعمیر چھٹی صدی میں ہوئی اور تقریباًایک ہزار سال تک یہ دنیا کا سب سے بڑا گرجا رہا، چودہ سوترپن میں قسطنطنیہ فتح کرنے کے بعدسلطان محمد فاتح نے اسے مسجد میں بدل دیا تھا۔

عثمانی سلطنت کے زوال کےبعد 1935میں کمال اتاترک نےآیاصوفیا کو میوزیم بنا دیا تھا تاہم ترک عدالت نےآٹھ دہائیوں قبل ہوئے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا۔