پریکٹس میچ سے قبل بولنگ کوچ وقار یونس کی ٹپس کا بہت فائدہ ہوا:فاسٹ بولر سہیل خان

دورہ انگلینڈ پر موجود قومی کرکٹرز کی سیریز کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔قومی فاسٹ بولر سہیل خان کا کہنا ہے کہ پریکٹس میچ سے قبل بولنگ کوچ وقار یونس کی جانب سے دی گئی ٹپس کا انہیں بہت فائدہ ہوا۔
ڈربی شائر میں کھیلے گئے پہلے چار روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولرسہیل خان نے اپنی عمدہ کارکردگی کا کریڈیٹ وقار یونس کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ نے انہیں انگلینڈ میں لیٹ سوئنگ کے گر سکھائے ۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں، یہاں ہر باؤلر کا گیند سوئنگ ہوتا ہے لہٰذا انہوں نے چار روزہ پریکٹس میچ سے قبل وقار یونس سے لیٹ سوئنگ کا فن سیکھنے کی کوشش کی ۔انہوں نےمزید کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور وہ دونوں نوجوان فاسٹ باؤلرز کی نیٹ اور میچ میں عمدہ کارکردگی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو 150 کی رفتار پر باؤلنگ کرتے دیکھنا ایک پرمسرت لمحہ ہوتاہے۔