کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی، پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

پاکستان میں ایک طرف کورونا وائرس کے وار جاری ہیں  تو دوسری جانب ملک بھر میں مریضوں کی بڑی تعداد صحتیاب بھی ہو رہی ہے۔

 

نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن  سینٹر کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔  رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 2لاکھ25,ہزار921 ہوچکی ہے جب کہ ان میں سے 1لاکھ 25 ہزار 94صحتیاب ہوگئے ہیں اور ایکٹو کیسز 95570  ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 22,050 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیاگیاجن میں سے 3,387کانتیجہ مثبت رہا۔ اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 68اموات ہوئیں جس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4,619ہوگئی ہے۔  اسی طرح گزشتہ 24گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11,471ہے۔

اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 90,721 تک پہنچ چکی ہے۔ ان مریضوں میں سے 50,908 صحتیاب ہو چکے ہیں، 1,459انتقال کرچکے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد38,354   ہے۔

پنجاب کی بات کریں تو کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں یہ موذی مرض 1,844افراد کی جان لے چکا ہے۔ پنجاب میں مریضوں کی کل تعداد 80,297 ہوچکی ہے جن میں سے 42,854صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ ابھی بھی 35,599فعال کیسز موجود ہیں۔

خیبرپختونخوا میں مصدقہ کیسز کی تعداد 27,506 ہوگئی ہے جن میں سے 15,520 صحتیاب ہوئے، 1,002اموات ہوئیں، 10,984فعال کیسز موجود ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں مصدقہ کیسز کی تعداد 13,292ہوگئی ہے جن میں سے 8,610صحت یاب ہو کر گھروں کو جاچکے، 130افراد جاں بحق ہوئے اور 4,552اس وائرس سے لڑ رہے ہیں۔

گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 1,536، صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1,185، اموات 28 اور فعال کیسز 323ہیں۔

بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10,717 ہوچکی ہے جن میں سے 5,331صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 122افراد کا انتقال ہوچکا ہے جب کہ 5,264 افراد زیرعلاج ہیں۔

آزادجموں و کشمیر کی بات کریں تو وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1,214جن میں سے 686صحتیاب ہوئے ہیں , 34 اموات ہوئی ہیں اور 494 فعال کیسز موجود ہیں۔

عالمی صورتحال کا جائزہ لیں تو دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث پانچ لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 26 لاکھ سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ وہاں اب تک سوا لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

امریکہ اور انڈیا کی کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلوں کو یا واپس لے لیا ہے یا ان پر عملدرآمد ملتوی کر دیا ہے اور اس کی وجہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

یورپی یونین نے 14 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جن کے شہریوں کو یکم جولائی سے یونین میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان ممالک میں چین، برازیل اور امریکہ شامل نہیں ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ وبا کا بدترین مرحلہ ابھی آنا ہو۔ ادارے نے کہا ہے کہ اگر حکومتوں نے درست پالیسیاں نہیں اپنائیں تو کئی گنا اور لوگ اس مرض کا شکار ہو جائیں گے۔