آزادکشمیر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

مظفرآباد(نیوزڈیسک)کرونا وائرس سے بچاؤ کےلیے آزاد کشمیر میں بھی ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کر ليا گيا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی زير صدارت اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے عوام سے کہا گیا ہے کہ شادیاں سادگی سے کی جائیں اور اجتماعات محدود پیمانے پر کیے جائیں۔اسکے علاوہ تمام تعلیمی ادارے 6 اپریل تک بند کر دیے گئے جبکہ تمام امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

آزادکشمیر کے تمام 11 انٹری پوائنٹس پر اسکریننگ کا عمل سخت کیا گیا ہے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام 10 اضلاع میں قرنطینہ سینٹر قائم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 21 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ وفاقی حکومت کے مطابق 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔