جموں کشمیرپیپلزپارٹی کے صدرممبرقانون سازاسمبلی سردارحسن ابراہیم خان نے 16مارچ کو مظفرآبادمیں احتجاجی دھرنے کی کال دے دی

راولاکوٹ    جموں کشمیرپیپلزپارٹی کے صدرممبرقانون سازاسمبلی سردارحسن ابراہیم خان نے کہاہے کہ 16مارچ کوجموں کشمیرپیپلزپارٹی مظفرآبادمیں احتجاجی دھرناکی صورت میں بھرپوروقت کامظاہرہ کرے گی۔

جموں کشمیرپیپلزپارٹی آزادکشمیرکی سیاست میں ایک منفردتاریخی کردارکی حامل سیاسی جماعت ہے۔عدالت العالیہ میں پانچ ججزکی غیرآئینی تعیناتی آزادکشمیرکے عدالت نظام پرایک سوالیہ نشان ہے۔سردارخالدابراہیم خان نے عدلیہ میں ہونے والے خرافات کے خلاف جوپیشن گوئیاں کی تھیں وہ درست ثابت ہورہی ہیں۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیر عدالتی نظام میں ہونے والے غیرآئینی اقدامات میرٹ کی پامالی کے مکمل ذمہ دارہیں،آج صورتحال انتہائی تشویش ناک ہوچکی ہے۔عام آدمی کے لئے انصاف ناپیدہوتاجارہاہے اوراس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عدالتی نظام کے اندرغیرآئینی اقدامات اورمیرٹ وانصاف کاقتل عام ہے۔

اس ناانصافی کے خلاف ہم عملاًجدوجہدکررہے ہیں۔آزادکشمیرکے انصاف اصول پسندمکاتب فکرکوہماراساتھ دیناہوگاہماری جدوجہدکسی فردواحدکے خلاف نہیں بلکہ استحصال پرمبنی غیرآئینی اقدامات کے خلاف ہے۔جوکہ جاری وساری رہے گی-

ان خیالات کااظہارصدرجموں کشمیرپیپلزپارٹی ممبرقانون سازاسمبلی سردارحسن ابراہیم خان نے رابطہ مہم کے دوران منگ،پلندری ودیگرمقامات پرکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردارحسن ابراہیم خا ن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ ہم عوام کی قوت سے اس ناانصافی پرمبنی نظام کے خلاف بھرپورطریقے سے ہرمحاذ پر لڑیں گے۔

جب تک عدلیہ کے اندرآئین کی بالادستی میرٹ کی حکمرانی عمل میں نہیں آتی ہماری جدوجہدجاری رہے گی۔اگراعلیٰ ترین ادارے عدلیہ کی یہ صورتحال ہے توباقی ادارہ جات میں میرٹ کی توقع ایک خواب ہے۔

ان میٹنگزسے مرکزی سیکرٹری جنرل ابراراحمدیادودیگرمقررین نے خطاب کیا۔پارٹی صدرممبرقانون سازاسمبلی سردارحسن ابراہیم خان نے جموں کشمیرپیپلزیوتھ کونسل،جموں کشمیرپیپلزسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیداران وکارکنان کوخصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ 16مارچ کے دھرنے میں بھرپورشرکت کریں۔