پاکستان کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کرنے کا مطالبہ
نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کرنے کا مطالبہ کردیا ، منیر اکرم نے کہا تنازعات کے حل تک پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن کے قیام اور فروغ سے متعلق مباحثہ سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا ہے کہ پائیدار امن کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کو حل کیا جائے۔
پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ جب تک تنازعات حل نہیں ہوتے دنیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیراورفلسطین میں غیرملکی قبضےکےنتائج واضح ہیں، سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہےکہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی بند کرائے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے بنیادی اسباب کے حل میں ناکامی واضح ہے، عالمی برادری کی ناکامی کے باعث تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی جڑوں کو حل کرنے میں ناکامی نے تنازعات کے پھیلاؤ کو جنم دیا، بین الاقوامی حکمت عملی بڑی حد تک ناقص، غیر مؤثر اور غیر تسلی بخش رہی، تنازعات کے حل کیلئےعلاقائی اور بین الاقوامی سظھ پر جامع اور مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے امید ظاہر کی سلامتی کونسل میں ہونے والی بحث سوچ کے زاویے پیدا کرے گی۔