
فلسطینی عوام کو شدید ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے … مولانا مفتی مدثر احمد قادری چیرمین کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل(کشمیر )
سرینگر :کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل(کشمیر )کے چیرمین اور متحدہ مجلس علما ءکے سینئر ممبر مسلم پرسنل لاء بوڈ کے ڈسٹرکٹ پریذیڈنٹ مولانا مفتی مدثر احمد قادری نے فلسطین اسرائیل تنازعہ میں نہتے انسانوں جن میں خواتین، بوڑھے اور بچوں شامل ہیں کی جانوں کے ضیاں پر گہرے فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازعہ کی جڑیں نوآبادیاتی ماضی میں پیوستہ ہیں اور استعماری آقاؤں نے اپنے حکومتی مفادات کیلئے جو فیصلے لئے ہیں ان کی سزا پوری فلسطینی قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو شدید ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور فلسطین اسرائیل کے تنازعہ کے نتیجے میں روزانہ عورتیں ، بچے اور جوان مارے جارہے ہیں، بمباری کے ذریعہ ان کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے اور ہر وقت ان کو قابض اسرائیلیوں کے ہاتھوں ذلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حتیٰ کہ ان کی روزی روٹی بھی چھینی جارہی ہے ۔ ان کے لئے ان کی زمین تنگ کی جارہی ہے اور ان لوگوں کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی ہوئی جیل میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
امیر کاروان نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ حکومت اسرائیل نہ تو کسی انسانی اور منصفانہ حل کو قبول کرنے پر آمادہ ہے اور نہ عالمی برادری کے کسی امن منصوبے کو تسلیم کرنے پر آمادہ ہے حتیٰ کہ مسلمانوں اور عیسائیوں کیلئے یکساں احترام کے حامل مسجد اقصیٰ کی بھی آئے روز بے حرمتی کی جارہی ہے۔
بیان کے مطابق امیر اعلی کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل نے کہا کہ لاکھوں فلسطینیوں کو مہاجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور غزہ اور مغربی کنارے پر آباد فلسطینیوں کو ایک کالونی میں تبدیل کرکے وہاں بیرونی آبادکاروں کو بسایا جارہا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ ہر گزرتی دہائی کے ساتھ ان کی اپنی زمین ان کے لئے تنگ ہوتی جارہی ہے اور اس کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ یہ سب کچھ دیدہ دلیری کے ساتھ کیا جارہا ہے ۔
مفتی مدثر احمد قادری سربراہ کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل نے کہا کہ اس انسانی تنازع کو حل کرانے کے بجائے عالمی برادری اپنے سیاسی اور اقتصادی مفادات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا رول بھی مایوس کن ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل کو فلسطینی عوام پر مظالم ڈھائے جانے کی کھلی چھوٹ مل رہی ہے ۔
اپنے بیان میں امیر کاروان نے کہا کہ جب تک عالمی برادری کی طرف سے اس تنازعے کا ازالہ نہیں کیا جاتا اور فلسطینیوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، اس تنازع کے المناک نتائج برآمد ہوتے رہیں گے۔ اس تنازعہ کا ایک انسانی اور منصفانہ حل ان کی اپنی سرزمین میں لوگوں کے حقوق اور آزادی کے قبول شدہ اصول کی بنیاد پر قائم کیا جانا چاہیے۔ ناانصافی بار بار تصادم اور تشدد کی طرف لے جاتی ہے اور فلسطین میں یہی ہو رہا ہے۔
ترجمان۔ کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل