زمبابوے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پی ایس ایل کے بقیہ میچز لاہور سے کراچی اور پنڈی منتقل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کے بقیہ میچز لاہور سے کراچی اور پنڈی منتقل کر دیے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ماہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات موصول ہونے پر بورڈ نے کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں شیڈول میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جب کہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچز اب کراچی میں ہوں گے۔

دوسری جانب اس حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جونہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ اسموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے راولپنڈی میں موجود ہے۔

پہلا ایک روزہ میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا میچ یکم نومبر اور آخری ایک روزہ میچ تین نومبر کو ہوگا۔

لاہور میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 7 نومبر، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 8 نومبر اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 10 نومبر کو کھیلا جانا تھا تاہم اب یہ میچز راولپنڈی میں ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ چار میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو شیڈول ہیں جو اب لاہور کی بجائے کراچی میں کھیلے جائیں گے۔