
دہلی کے زیر کنٹرول ایس آئی اے کی حریت رہنمامحمد حسین خطیب کی جائیدادضبط کرنے کی تیاری
جموں07مئی(کے پی این) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی وزارت داخلہ کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے کہا ہے کہ اس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما محمد حسین خطیب کی ضلع ڈوڈہ میں خاندانی جائیداد ضبط کر نے کا عمل شروع کرلیاہے۔
ایس آئی اے نے ضلع کی تحصیل بھدرواہ میں محمد حسین خطیب کی خاندانی جائیداد ضبط کرنے سے قبل علاقے میں منادی کردی ہے۔ ایس آئی اے کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمد حسین خطیب ایس آئی اے کو ایک کیس میں مطلوب ہیں ۔ سابق وزیر جتندر سنگھ عرف بابو سنگھ بھی اسی مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں اور اس وقت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند ہیں۔ محمد حسین خطیب جو ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ کے رہائشی ہیں، اس وقت آزاد جموں و کشمیر میں مقیم ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ ایس آئی اے نے کہا کہ اس نے بھدرواہ میں محمد حسین خطیب کی جائیداد ضبط کرنے کا عمل شروع کرلیاہے اوراس سلسلے میں جلد ہی کارروائی کی جائے گی۔ادھر ایس آئی اے نے عدالت سے احکامات حاصل کرنے کے بعد آج مسجد محلہ بھدرواہ میں محمد حسین خطیب کے گھر اوردیگر نمایاں مقامات پر پوسٹرلگائے جن میں انہیں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت درج ایک مقدمے میں مفرور قراردیا گیا ہے۔ خطیب کو مقدمے کا سامنا کرنے کی خاطر عدالت میں پیش ہونے کے لیے 30دن کی مہلت دی گئی ہے۔ ایس آئی اے کے حکام نے بتایا اگر وہ 30دن کے اندرذاتی طورپر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مختلف کالے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی اور ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔