
دہلی میں کشمیری نوجوان کو ”بھارت ماتا کی جے”کا نعرے لگانے پر مجبورکیا گیا
نئی دہلی17 اپریل(کےپی این)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ہندوتوا گروپ نے ایک کشمیری نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناکر”وندے ماترم”اور”بھارت ماتا کی جے”جیسے ہندوتوا نعرے لگانے پر مجبورکردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کشمیری نوجوان کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتاہے کہ اسے ان نعروں کا مطلب سمجھ میں نہیں آرہا اوریہ نعرے لگانے سے انکار کر دیا۔ہندوتوا گروپ نے اسے مارا پیٹا اور اسے ایک پاکستانی اور” پتھرباز”قراردیا۔پتھر باز کی اصطلاح ان افراد کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں احتجاج کے دوران قابض بھارتی فورسز پر پتھرائو کرتے ہیں۔
دریں اثناء پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی)کی یوتھ ونگ کے کوآرڈینیٹر برائے وسطی کشمیرضہیب یوسف میر نے دہلی میں ہندوانتہاپسندوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوںکو غنڈہ گردی کا نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوان کو کچھ مخصوص نعرے لگانے پر مجبورکرنابے شرمی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوںنے اس فعل میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔