مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی یوم سیاہ کی مناسبت سے آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج میں تقریب کا انعقاد کیا گیا میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد،سی ڈی اے، وفاقی ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد یوتھ موبیلائزیشن فورم کے افسران تقریب میں شریک ہوئے

اسلام آباد(پ ر)اسلام آباد یوتھ موبیلائزیشن فورم نے 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر بزور طاقت بھارتی قبضے کے 74ویں یوم سیاہ پر آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج میں تقریب کا اہتمام کیا تقریب میں ایم سی آئی،سی ڈی اے اور وفاقی ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران نے شرکت کی اور کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر عامر شہزاد چوہدری،چیئرمین اسلام آباد یوتھ موبیلائزیشن فورم/فوکل پرسن ایم سی آئی ڈاکٹر ایم عبداللہ تبسم سمیت اعلی افسران نے شرکت کی،تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈی جی ریونیو/ایڈمن میٹروپولیٹین کارپوریشن طارق لطیف میاں تھے انہوں نے شرکاء تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان گزشتہ 74 برسوں سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ان چوہتر برسوں میں پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کی ہے پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے غاصب بھارت نے غیر قانونی قبضے کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا اور آزادی کے خواہش مند کشمیریوں کو بڑی تعداد میں ماورائے عدالت قتل کیا، دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولرازم کے دعوے دار بھارت مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمتدری اور معصوم بچوں کے قتل میں بھی ملوث ہے اور اب بھارت نے اپنے آئین میں کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرکے وہاں آبادی کا تناسب اور ملازمتوں میں کشمیریوں کا کوٹہ بھی کم کر دیا ہے ظالم بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے اور یہاں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سرعام جاری ہیں ہم اقوام متحدہ سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھا کر اپنی غیر جانبداری واضح کریں۔ تقریب میں کشمیریوں پر مظالم کے اور پاکستان سے جذباتی وابستگی اجاگر کرنے والا اسٹیج ڈرامہ اسکرین پلے کے تعاون سے پیش کیا گیا جسے دیکھ کر حاضرین کی آنکھیں نم ہو گئی اور انہوں نے اس پلے کو خوب سراہا۔ تقریب کے دوران کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملی نغمے اور کشمیری ترانے بھی پیش کیے گئے اور کشمیریوں کی آزادی کیلیے خصوصا اجتماعی دعا کی گئی۔