افواج پاکستان جواب دینے کیلئے تیار ہے، کور کمانڈرز

راولپنڈی (ایجنسیاں)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی قیادت کی طرف سے اشتعال انگیز اورغیرذمہ دارانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے بیانات خطے کے امن کےلئے نقصان دہ ہیں۔

افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیارہیں جبکہ آرمی چیف نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا نہیں سکتیں‘کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ملک کی اندرونی سیکورٹی اور سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہیں‘پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

اجلاس میں بھارتی ظلم و ستم کا بہادری سے سامنا کرنے پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا نہیں سکتی۔

کور کمانڈر اجلاس میں رد الفساد آپریشن میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ رد الفساد آپریشن کی وجہ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔