مودی کو پاکستان کی وارننگ، حملہ ان کی آخری غلطی ہوگی، بھارتی وزیراعظم نے تاریخ نہیں پڑھی یا ان کی ڈگری جعلی ہے، عمران خان

میرپور(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہنا، پاکستان پرحملہ تمہاری آخری غلطی ہوگی‘ لگتاہے مودی نے دنیاکی تاریخ نہیں پڑھی یا ان کی ڈگری جعلی ہے ‘ہماری فوج منجھی ہوئی ہے۔

دنیا کی بڑی بڑی فوجیں وہ جنگ نہیں جیت سکیں جو ہماری فوج نے جیتی‘ نفرت کا پرچار کرنے والے سے امن کی امید نہیں کی جاسکتی‘پاکستان میں کوئی موت سے نہیں ڈرتا، ہم اللّٰه‎ پر ایمان رکھتے ہیں‘ہم تمہارامقابلہ کرکے دکھائیں گے ‘ہم نے ان کا بڑی مونچھوں والا پائلٹ واپس کیا۔

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو زیادہ عرصہ نہیں رہ سکتا جس دن کرفیو اٹھا انسانوں کا سمندر باہر نکلے گا اور ایک ہی نعرہ گونجے گاجوآزادی کا نعرہ ہوگا‘ اس کے بعد مودی کے پاس کوئی اور پتہ کھیلنے کے لیے نہیں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی نے بیان دیا ہے11 دنوں میں پاکستان کو فتح کرلوں گا، لگتا ہے مودی نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، لگتا ہے آپ کی ڈگری جعلی ہے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ 5 اگست کے بعد سے مشکل ترین حالات سے گزر رہے ہیں۔

آج اس جلسے کا مقصد انہیں پیغا دینا ہے کہ صرف آزاد کشمیر نہیں پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ ہے‘مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے اچھا وقت آنے والا ہے ،5 اگست کے نریندر مودی کے تکبر میں اٹھائے گئے قدم نے کشمیریوں کی آزادی کی راہ ہموار کی۔

مودی کا منصوبہ ناکام ہوگیا ہے‘ایمان ہے کہ مقبوضہ کشمیرکو آزاد ہونے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔5 اگست سے پہلے دنیا کشمیرکو بھول چکی تھی اور کوئی اس کا نام نہیں لیتا تھا لیکن پچھلے 6مہینوں میں مسئلہ کشمیر بین الاقوامی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی پوری انتخابی مہم کے دوران پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا‘بھارت نے بالا کوٹ میں ہمارے درخت شہید کرکے ہمارے سیکڑوں افراد کو مار نے کا دعوی کیا لیکن ہم نے بھارت کا طیارہ گرانے کے بعد اس کے پائلٹ کو انسانی ہمدردی کے ناطے واپس کردیا۔

مودی کی انتخابی مہم پاکستان مخالف جذبات پر مشتمل تھی، نفرت کا پرچار کرنے والے سے امن کی امید نہیں کی جاسکتی‘نریندر مودی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد آر ایس ایس کے انتہاء پسندی کے نظریے کو آگے بڑھایا ہے‘ اب دنیا کشمیرکے حالات کو جان گئی ہے۔