شاہ رخ خان : ‘میری بیوی ہندو، میں مسلمان اور میرے بچے ہندوستان ہیں’

بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان نے حال ہی میں ٹی وی پر ایک ریئالٹی شو کے دوران اپنے خاندان کے مذہب سے متعلق جو بیان دیا ہے اس پر سوشل میڈیا میں کافی بحث ہو رہی ہے۔

سٹار پلس پر نشر ہونے والے رقص کے ایک ریئالٹی شو ’ڈانس پلس‘ میں انھوں نے کہا: ’ہمارے خاندان میں ہم نے کبھی ہندو اور مسلمان ہونے پر کوئی بات نہیں کی ہے۔ میری بیوی ہندو ہیں، میں مسلمان ہوں اور ہمارے بچے ہندوستان ہیں۔‘

شاہ رخ خان نے اس شو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ’کئی بار بچوں کے سکول میں مختلف فارمز میں یہ معلومات داخل کرنی ہوتی تھی کہ ان کا مذہب کیا ہے؟ جب میری بیٹی چھوٹی تھی اس نے ایک دن مجھ سے آ کر پوچھا کہ ہمارا تعلق کس مذہب سے ہے؟ تو میں نے لکھوایا کہ ہم انڈین ہیں۔ ہمارا کوئی مذہب نہیں ہے اور ہونا بھی نہیں چاہیے۔‘‘

شاہ رخ خان کی اس بیان کی سوشل میڈیا پر کافی تعریف بھی ہو رہی ہے۔

بعض افراد کا کہنا ہے کہ ان کا یہ بیان ملک کے لیے باعث فخر ہے جبکہ بعض افراد ان پر تنقید کر رہے ہیں کہ پورے ملک میں شہریت کے قانون سے متعلق جو مظاہرے ہو رہے ہیں اس پر وہ ابھی تک خاموش ہیں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ کے متعدد اداکاروں نے شہریت کے متنازع قانون ( سی اے اے) کی مخالفت میں ہونے والے مظاہروں کی حمایت کی اور اس دوران مظاہرین پر پولیس کی زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی لیکن بالی وڈ کے بعض نامور اداکار جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان نے اس سے متعلق اپنی رائے کا کوئی اظہار نہیں کیا۔

بعض افراد کو یہ امید تھی کہ شاہ رخ خان جیسے مسلمان اداکار اس قانون کی مخالفت کریں گے یا اگر مخالفت بھی نہ کریں تو وہ جو بھی رائے دیں گے اس کا کچھ اثر ہوگا۔

ٹوئٹر پر نریشن نامی ایک صارف سے لکھا کہ ’ہمیں فخر ہے کہ ہم سب ہندوستانی ہیں۔ اس سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔‘

وہیں ٹوئٹر پر شیلو لکھتے ہیں: ’ہندوستان کی شاہ رخ نے بہتر تعریف بیان کی ہے۔‘

پوروی نامی ٹوئٹر یوزر نے شاہ رخ خان کے بیان کو ’دل کو چھو لینے والا بتایا ہے۔‘

بھاوندھی لکھتی ہیں: ’اب تک میں نے جو کچھ سنا ان میں یہ بات سب سے خوبصورت ہے۔‘

مانسی شرما نے ٹوئیٹ کیا ’آج کے مشکل دور میں جہاں اتنا کچھ ہو رہا ہے شاہ رخ خان کا بیان سکون دیتا ہے۔ ہندوستانی ہونے سے بہتر کچھ اور نہیں ہے۔‘

ایک شخص نے اسی ویڈیو کے جواب میں شاہ رخ خان سے پوچھا کہ اگر ایسا ہے تو انھوں نے اپنے بچوں کے مسلمان نام کیوں رکھے؟ اس کے جواب میں ایک دیگر صارف نے شاہ رخ خان کے تینوں بچوں کے نام کے مطلب سمجھائے ہیں۔ ’سہانا مسلمان ہے، آریان ہندو نام ہے، اور ابرام میں عبداللہ اور رام دونوں کے نام ہے۔‘

اس بارے میں رانی نام کی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ’شاہ رخ خان نے بچوں کے نام ایسے رکھے ہیں جن میں دونوں مذاہب کا ملاپ ہے۔‘

شاہ رخ خان نے اس مسئلے پر خاموش رہنے کا فیصلہ کیوں کیا اس بارے میں بھی ان سے سوالات کیے جا رہے ہیں۔