شاہ محمود نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو خط لکھ دیا

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کو عملی جامہ پہنانے اور درکار آئینی ترمیم کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کر لیا ۔

وزیر خارجہ کی جانب سے آج قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو خطوط ارسال کر دیے گئے ۔

خط میں، شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کی تمام بڑی جماعتوں کو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قانون سازی کیلئے درکار تعاون کی درخواست کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانا اس علاقے کے لوگوں کی دیرینہ خواہش اور پی ٹی آئی کے منشور کا کلیدی جزو ہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ لوگوں کی اس خواہش کو پورا کرنے میں بنیادی رکاوٹ، ایک آئینی ترمیم ہے جس کے لیے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے، میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں اور ساڑھے تین کروڑ لوگوں کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اس اقدام کو حقیقت بنانے میں تاریخی کردار ادا کریں ۔